ہفتہ 14 نومبر 2026 - 15:29
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا راہ ولایت پہلی شہید اور جہادِ تبیین کی علمبردار تھیں: حجۃ الاسلام صفائی بوشہری

حوزہ/ ایران کے صوبہ بوشہر میں نمائندہ ولی فقیہ حجۃ الاسلام والمسلمین غلام علی صفائی بوشہری نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی پوری زندگی ولایت کے دفاع، حقائق کی وضاحت اور صبر و استقامت میں گزاری۔ آپؑ نے اپنی جدوجہد اور قربانی سے آنے والی نسلوں کو یہ سبق دیا کہ دینِ اسلام کی بنیاد ولایتِ الٰہی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے برحق جانشینوں کی قیادت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین غلام علی صفائی بوشہری نے بوشہر میں ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ کی سیرت کے تین نمایاں پہلو ولایت سے وفاداری، جہادِ تبیین اور صبر و استقامت ہیں۔ آپؑ نے ولایت کے دفاع میں ثابت قدم رہ کر اسلام کی حقیقی تعلیمات کو واضح کیا اور اسی راہ میں شہادت پائی۔

انہوں نے کہا کہ ولایت اسلامی نظام کی بنیاد اور دین کی بقا کا اہم ذریعہ ہے۔ امام محمد باقر علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام کی بنیاد نماز، زکوٰۃ، حج، روزہ اور ولایت پر ہے، لیکن ان میں سب سے اہم رکن ولایت ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے دین کے دوسرے احکام اور تعلیمات کو صحیح طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔

امام جمعہ بوشہر نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد ولایت کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا اور حقائق کو واضح کرنے کے لیے لوگوں کے درمیان روشنگری کی۔ آپؑ نے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعے معاشرے کو انحرافات سے آگاہ کیا۔ اس اعتبار سے آپؑ کو جہادِ تبیین کی پہلی مجاہدہ اور شہیدہ بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی تیسری نمایاں خصوصیت صبر و استقامت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے اپنی مختصر ۱۸ سالہ زندگی میں بے شمار مشکلات برداشت کیں۔ بچپن میں شعبِ ابی طالب کے محاصرے اور معاشی و سماجی دباؤ کا سامنا کیا، پھر والدہ حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا اور حضرت ابوطالب علیہ السلام کی وفات کا صدمہ برداشت کیا۔ بعد میں ہجرت اور جنگوں کے مشکل دور میں بھی اپنے والد گرامی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ساتھ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے شادی کے بعد آپؑ نے انتہائی سادہ اور مشکل حالات میں زندگی گزاری، لیکن ہر موقع پر اپنے شوہر کا ساتھ دیا اور اولاد کی بہترین تربیت کی۔ آپؑ گھریلو مشکلات کے باوجود حضرت علی علیہ السلام کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھیں، کیونکہ وہ اسلام کے دفاع میں مصروف رہتے تھے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین صفائی بوشہری نے خطاب کے ایک حصے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے آخری لمحات اور امیرالمؤمنین علیہ السلام کے غم و اندوہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپؑ کی رحلت اہل بیت علیہم السلام کے لیے انتہائی دردناک سانحہ تھی۔ امام حسن اور امام حسین علیہما السلام نے والدہ کی رحلت کی خبر مسجد میں حضرت علی علیہ السلام کو دی تو آپؑ شدتِ غم سے زمین پر بیٹھ گئے۔

انہوں نے آخر میں 250 سے زائد راتوں تک جاری رہنے والے عوامی اجتماعات میں لوگوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے عوام اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha